علیمہ باجی کو بھی ہم سزا دینگے، کرپشن سنگین بیماری ہے، فردوس شمیم

52
کراچی: اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سندھ اسمبلی اجلاس میں خطاب کررہے ہیں
کراچی: اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سندھ اسمبلی اجلاس میں خطاب کررہے ہیں

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی کے رکن فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ فریال تالپور آصف علی زرداری کی جائداد سامنے آچکی ہے، علیمہ باجی کی پراپرٹی بھی سامنے آئی ہے، ہم علیمہ باجی کو بھی سزا دینگے، چوری کوئی بھی کرے اسے پکڑا جائے گا چاہے وہ لیاقت جتوئی کیوں نہ ہوں ، کرپشن ملک کے لیے ایک سنگین بیماری ہے جس کا علاج صرف شفاف احتساب سے ممکن ہے ، سندھ کی تباہی پر سابق اور موجودہ وزیر اعلیٰ کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔ پیپلز پارٹی اپنی نااہلی کی پردہ پوشی
کے لیے وفاقی حکومت پر الزام تراشی کررہی ہے ،ہم نے شیڈو بجٹ پیش کیا تھا، لیکن اسے مسترد کردیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نیمنگل کو سندھ اسمبلی میں مالی سال 2019-20ء کے بجٹ پر تقریر کرتے ہوئے کیا۔ قائد حزب اختلاف کا طویل خطاب تقریباً 3 گھنٹے پر محیط تھا جسے وزیر اعلیٰ سندھ اور حکومتی بینچوں پر موجود ارکان نے بڑے صبر و تحمل کے ساتھ سنا اور درمیان میں کوئی مداخلت نہیں کی گئی اس موقع پر قائد حزب اختلاف نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کو سخت ہدف تنقید بھی بنایا۔انہوں نے کہا کہ ہم صاف و شفاف احتساب کے ساتھ کھڑے ہیں، ظلم کہیں بھی ہو،ہم اس کے خلاف بھر پور آواز بلند کریں گے ۔ کل میراسر فخر سے بلند ہوگیا جب رات 12 کے خبرنامے میں عمران خان کا یہ بیان دیکھا کہ میرا کوئی رشتہ دار، بہن بھائی عزیز نہیں ہے، عمران خان نے ہر رشتے پر ملک کو ترجیح دی ہے ، 3 مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے کے بچے پاکستان سے باہر رہتے ہیں، حسین اور حسن نواز پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کا فرض ہے کہ وہ ملک سے بلیک اکانومی کو ختم کرے ، یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم ہی اس ملک کو آگے بڑھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ حساب کتاب پر یقین رکھتے ہیں کہ انہیں کسی دن کسی کو جواب دینا ہوگا، صرف وہ لوگ انصاف کے نام پر پریشان ہوتے ہیں جن کے ہاتھ صاف نہ ہوں۔ ہمارا نصب العین پاکستان تحریک انصاف کو آگے بڑھانا نہیں بلکہ پاکستان کو آگے بڑھانا ہے۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو یہ بارہواں سال ہے ، پیپلز پارٹی اپنی عیاشیاں ختم نہیں کرتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کام کرے ورنہ جواب دہ ہوناپڑے گا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران کو زد و کوب کرنے کا جو واقعہ پیش آیا اس کی سخت مذمت کرتا ہوں، کسی بھی جماعت کے کسی بھی رکن کو اجازت نہیں کہ وہ ہاتھا پائی کرے ، پی ٹی آئی پارٹی کے ضابطہ اخلاق کے تحت اس اقدام کے خلاف کارروائی کرے گی۔
فردوس شمیم