مذہبی منافرت کے خاتمے کیلیے اقوام متحدہ میں پاکستان کا 6 نکاتی ایجنڈا

46

 

اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ میں دنیا بھر میں پرُامن اور منصفانہ معاشروں کو فروغ دینے کے لیے نسل پرستی ، مذہبی منافرت بالخصوص اسلام فوبیا کے خاتمہ کے لیے 6 نکاتی منصوبہ تجویز کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ایک بڑے فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اسلام فوبیا کے خاتمے کے لیے 6 نکاتی منصوبے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں حکومتوں کو قانون
سازی کرنی چاہیے، حکمت عملی تیار، مذہبی منافرت کے سدباب کے لیے تحقیق، روابط و تعلیم میں سرمایہ کاری اور سوشل میڈیا پرنفرت انگیز مواد کو روکا جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ اسلام فوبیا میںاضافہ خطرناک ہے‘ وزیر اعظم عمران خان نے مختلف فورمز پر اسلام فوبیا کے خاتمہ کیلیے فور ی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو یہ مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ بعد ازاں ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مذہبی بنیاد پر تشدد اور منافرت انگیز بیانیہ کے بڑھتے ہوئے رحجان کے پیش نظر فورم میں اس اہم مسئلے پر بحث کی گئی جس سے مسئلے کے حل میں مدد ملے گی ۔انہوں نے تشدد اور اسلام فوبیا کے خاتمہ کے لیے 6 نکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کے حل کے لیے حکومتوں کو قانون سازی کرنی چاہیے‘ ٹیکنیکل کمپنیاں سوشل میڈیا کو اشتعال انگیز، منفی اور منافرت انگیز مواد استعمال کرنے سے روکیں‘ ایسے مقاصد میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا سد باب کریں‘ اسلام فوبیا کا حکمت عملی کے ذریعے خاتمہ کیا جائے‘ مذہبی منافرت کے باعث تشدد کے محرکات اور بنیادی اسباب کے جائزہ کے لیے تحقیق میں اضافے کے سلسلے میں سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معتدل معاشروں کیلیے نوجوانوں کے ساتھ رابطہ اور تعلیم میں بھی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے‘ نفرت ذہن میں پیدا ہوتی ہے اور تعلیم کے ذریعے امن اور برداشت کو فروغ دیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے علاقوں میں جس میں ہمارا اپنا خطہ بھی شامل ہے‘ وہاں معمولی سیاسی اور انتخابی مفاد کے لیے نفرت انگیز بیان بازی کی جاتی ہے‘ پرُ امن معاشرہ کے فروغ کیلیے ہماری کوششیں بنیادی انسانی اقدار پر مبنی ہونی چاہییں جو برداشت اور انسانی زندگی کے احترام کا درس دیتی ہیں۔
اسلام فوبیا