سرکلر ریلوے پر اکیلے کام نہیں کرسکتے وفاق مدد کرے ،وزیراعلیٰ سندھ

100

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ سرکلر ریلوے ڈھائی ارب ڈالرز کا منصوبہ ہے سندھ حکومت تنہا اس پر کام نہیں کرسکتی، اس سلسلے میں ہمیں وفاقی حکومت کی مدد درکار ہے۔ وفاق سے رقم کم ملی، صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں، یہ حالات پہلے بھی دیکھ چکے ہیں،حالیہ مقدمات پانی کابلبلہ ہیں ،ہم تمام کیسز میں سرخروہونگے، آصف علی زرداری پہلے بھی کیسز میں بری ہوئے ہیں،آپ اپنی فکر کریں،قوم کوجس عذاب میں ڈالاہے اس سے کس طرح نکالیں گے ؟۔ منگل کو سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر گزشتہ 7 روز سے جاری بحث کو سمیٹے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک سال کے دوران ریکارڈ کمی ہوئی ہے، لوگ کہتے ہیں کی عذاب آیا ہے مگریہ کہتے ہیں کہ خان آیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے فور منصوبے پر کام جاری رہنا چاہئے ۔ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے وزیر اعظم سے کہا کہ اس منصوبے پر کام روک دیں، ہم کہتے ہیں اس منصوبے کے حوالے سے تحقیقات کرائیں اگر کوئی غلط کام ہوا ہے تو سزا دیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے ڈھائی ارب ڈالرز کا منصوبہ ہے سندھ حکومت تنہا اس پر کام نہیں کرسکی اس سلسلے میں ہمیں وفاقی حکومت کی مدد درکار ہے ۔انہوں نے سندھ کی مالی مشکلات کا ذکر رتے ہوئے کہاکہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے اسلام آباد میں پسند نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ وفاق نے کہا تھا کہ آپ کو 665 ارب ملیں گے ،ہم نے اپنے بجٹ میں لکھ دیا ، 31 مئی تک ہمیں 492 بلین ملے اس سے ہم کیسے اپنے کام کرسکیں گے ؟ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے نام پر سندھ کودانستہ بدنام کیاگیا،نیب کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں ہیں، خیبرپختونخوا، بلوچستان سے بھی درجنوں نیب کیسز افسران پر بنے، نیب میں رضاکارانہ واپسی اور پلی بارگین میں بھی سندھ کی شرح کم ہے ،سندھ کے ساتھ دوسروں سے مختلف سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوڈیرو شوگرملز 2001-02 ء میں پرویزمشرف دور میں پرائیوٹائز ہوئی ، کیس میں قائم علی شاہ کوبلایاجاتاہے، کیاپرویز مشرف سے کیاڈرتے ہو؟، نوڈیروشوگرملز کیس میں پرویز مشرف اور اس وقت کے وزیرخزانہ کوبھی بلایاجائے ۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ ہمیں شکرگزار ہوناچاہیے کہ صوبے نے ہمیں جگہ دی ،برالگتاہے کہ اگر کوئی اپنی دھرتی کوقبول نہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑے سعودی عرب سے ہجرت کرکے آئے لیکن سیہون وکراچی کی دھرتی کواپنایا۔