کشمیری جماعت اسلامی کے ویژن 2030ء میں رنگ بھرنے کیلیے اپنا کردار ادا کرے

79

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک کشمیری برادی مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا میں بے نقاب کرے ،کشمیری برادری جماعت اسلامی کے ویژن 2030ء میں رنگ بھرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،کشمیری ہجرت کرتے ہیں یہ ان کی شریست میں ہے ،جہاں جاتے ہیں وہاں سے روشنی اور اچھائیاں لاتے ہیں ، بیرون ملک کشمیری آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں اور ویژن کو برئوے کار لائیں تا کہ آزاد خطے کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہو ،کشمیر ی کمیونٹی جن جن ممالک میں مقیم ہیں ان ممالک کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے کام کو آگے بڑھائیں ،جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر کمیونٹی سعودی عرب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ سعودی عرب حرمین شریفین کی وجہ سے ہمارے لیے قابل احترام ہے اور اس کی حفاظت اور دفاع ہم سب کی ذمے داری ہے حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اللہ کی دھرتی پر اللہ کے قانون کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے ہم قبیلائی،علاقائی اور لسانی عصبیتوں سے بالا تر ہو کر مخلوق خدا کو اللہ کے در سے آشنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امت کے عروج کا راستہ وہی ہے جو اللہ کے نبی ؐ اور صحابہؓ نے اختیار کیا ہم اسی راہ کے راہی ہیں تبدیلی اور عروج اسی راستے سے آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں روزانہ قرآن کا مطالعہ کریں قرآن کو سمجھ کر پڑھیں اس پر عمل کریں اور اس کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کریں جماعت اسلامی نے آزاد خطے میں صحت ،تعلیم اور خدمت کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ہم یہ سارے کام اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں ۔