لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام، 3 خود کش بمبار ہلاک

64

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پولیس لائن پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنادی،فائرنگ کے نیتجے میں پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں،جوابی کاروائی میں 3 خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بدھ کی صبح3خودکش بمباروں نے لورالائی پولیس لائن پر حملے کی کوشش کی تاہم پولیس فورس نے ایک حملہ آور کو گیٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کے دوران مار گرایا جبکہ 2 دہشت گردوں کو پولیس لائن کے اندر ہلاک کیا گیا،ایف سی اور کوئیک رسپانس فورس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبارنے اپنے آپ کواڑا دیا جب کہ دوسرے خودکش بمبار کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل اللہ نواز شہید اور 2پولیس اہلکاروں اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں ، زخمیوں میں بی بی فاطمہ زوجہ محمد رفیق ، سجاد احمد ولد ممتاز احمد ، محمد ادریس ولد محمد رمضان ، محمد عالم ولد محمد رمضان اور ایس پی عطاءالرحمن ترین ولد شادی خان شامل ہیں ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لورالائی پولیس لائن پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے حملے کو ناکام بنایا بلکہ پولیس کی بروقت کاروائی اور بھر پور ردعمل نے ثابت کردیا کہ ہمارے سیکورٹی ادارے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔