حکومت کا کھیل تماشا زیادہ دیر چلنے والا نہیں،حمزہ شہباز

95
لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کررہے ہیں
لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کے جھوٹ کی فہرست کافی طویل ہوگئی ہے اور انہوں نے خود میثاق معیشت کو گالی اور طعنہ بنا دیا ہے ۔لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کے لیے جیلیں نئی بات نہیں ہوتی ہیں، تقریبا ًہر اہم سیاسی رہنما جیل میں ہیں تاہم پھر بھی میں ان کم عقلوں،نالائقوں کو کہتا ہوں کہ کچھ کرکے دکھالو، انہوں نے کہا کہ ہر ایک
کو جیل میں ڈالنے کا شوق بھی پورا ہوگیا لیکن کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نالائقوں کی حکومت ہے، یہ کھیل تماشا زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست کافی طویل ہوگئی ہے اور اب آپ کے جھوٹوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا قوم مہنگائی کی ستائی ہوئی ہے، گھروں میں بچے بھوکے ہیں، ماں کے لیے دوائیاں نہیں ہیں، یہ قوم جب آپ کا گریبان پکڑے گی تو آپ کو پاکستان میں اپنی شکل چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں، مجھے خوف آتا ہے کہ یہ قوم آپ کو این آر او نہیں دے گی بلکہ ایک ایک جھوٹ کا حساب لے گی ۔
حمزہ شہباز