ایر قطر کا دورہ رنگ لے آیا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

70

اسلام آباد/دوحا(صباح نیوز+آن لائن+اے پی پی) امیرقطر کا دورہ رنگ لے آیا، پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق قطر، پاکستان میں ڈیپازٹ اور براہ راست سرمایہ کاری کی صورت میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔قطری خبر ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی شراکت داری 9 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ قطرپاکستان کے ساتھ سیاسی، معاشی، کھیل اور ثقافتی سطح پر مزید ترقی کے عزم کی یقین دہانی کراتا ہے۔قطر کی جانب سے فراہم کیے جانے والے 3ارب ڈالر سے پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا۔ قطر پاکستان کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گا جبکہ اس کے استعمال پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی ، رقم بیرونی قرضوں کی ادائیگی یا ترقیاتی اسکیموں پر استعمال ہو سکتی ہے ،وزارت خزانہ قرض کے لیے طریقہ کار طے کرے گی۔ادھر وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری ہونے والے پیغام میں کہاہے کہ ہم امیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی جانب سے پاکستان کے لیے ڈیپازٹس کی مد میں 3ارب ڈالردینے، ملک میں براہ راست سرمایہ کاری کے اعلان اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کے اعادہ پرامیرقطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے شکر گزارہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عمران خان کی عوام اور ملک کے مفاد میں ایک اور کوشش رنگ لائی ہے، بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے، بہت جلد پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ قطر نے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں ہٹا دی ہیں، پابندیاں ہٹنے سے پاکستانی باسمتی چاول قطر اور دیگر مشرقی وسطی کے ممالک میں جائے گا۔