ماضی میں قطر کیساتھ تعلقات میںخاندانی مفادات کو ترجیح دی گئی ،فردوس عاشق

34

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماضی میں قطر کے ساتھ تعلقات میں قومی مفاد کے تحفظ کے بجائے خاندانی مفادات کو ترجیح دی گئی۔قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے دورہ پاکستان سے متعلق وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے اپنی ٹوئٹ اور بعد ازاں پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر قطر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط اور فروغ دے گا۔ وزیراعظم پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانے جا رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اب قریبی اور خوشگوار تعلقات مضبوط اور متحرک معاشی تعاون میں تبدیل ہوں گے۔فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ امیر قطر نے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ورکنگ گروپ کے لیے مختلف شعبوں میں اہداف کا تعین کیا گیا ہے،قطر پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے، معیشت کے استحکام کے لیے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،چاول پر قطر کی پابندی کے خاتمے سے پاکستانی برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا۔