جماعت اسلامی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک نہیں ہوگی، امیر العظیم

97

اوکاڑا( نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اے پی سی میں شریک نہیں ہوگی ۔ ماضی کی حکومتیں اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں ، سابق حکمران جماعتیں موجودہ بحرانوں کی ذمے دار ہیں ۔ سابق حکمرانوں کو بیرون ملک پڑی دولت واپس لانا ہوگی ۔ جب تک ماضی کے حکمران قوم کے یہ مطالبے پورے نہیں کرتے ، ہم ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے اوکاڑا میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو اور بعد ازاں ملتان میں جنوبی پنجاب کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر العظیم نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان لوٹی دولت اور بے لاگ احتساب کا وعدہ پورا کریں ۔ پی ٹی آئی کا نظریاتی ورکر مایوس ہے ۔ پی ٹی آئی بھی سابق حکومتوں کی طرح اسٹیٹس کو کی علمبردار ہے ۔ تحریک انصاف نے 10 ماہ میں اپنے منشور اور وعدوں پر عمل نہیں کیا اور عوام کو سبز باغ دکھاتی رہی ۔سابق حکومتوں کے لوگ ہی اب پی ٹی آئی حکومت میں وزیر مشیر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جن لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کو عمران خان اپنے لیے باعث شرم قرار دیتے تھے ، اب وہ وزیراعظم کے ارد گرد بیٹھے نظر آتے ہیں ۔
امیر العظیم