قطر اور پاکستان میں توانائی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کیلئے یاد داشت مفاہمت

87
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امیر قطر شیخ تمیم ملاقات کر رہے ہیں
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امیر قطر شیخ تمیم ملاقات کر رہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان اور قطر کے درمیان تعاون کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔ قطر پاکستان میں توانائی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کرے گا۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ائر بیس پر وزیراعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔امیر قطر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور جے ایف 17 تھنڈر نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا، اس کے علاوہ مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔عمران خان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی گاڑی خود چلا کر انہیں وزیراعظم ہاؤس لے کر آئے۔بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیاسی اور معاشی پارٹنر شپ بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے زراعت اور خوراک کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر ایل این جی اور ایل پی جی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے تیل وگیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔بعد ازاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی ایوان صدر پہنچے تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اْن کا خیر مقدم کیا۔صدر عارف علوی اور امیر قطر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر عارف علوی نے مملکت قطر کے مہمان سربراہ کوپاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ‘نشان پاکستان’ سے نوازا۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قطر روانگی سے قبل نور خان ائر بیس پر پاکستان اور چین کے تعاون سے تیار کردہ لڑاکا طیارے ‘جے ایف 17 تھنڈر’ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہیں طیارے کی خصوصیات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے نور خان ائر بیس پر مہمانوں کو الوداع کیا۔