فیصل آباد، پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈائون ، 29 ملزمان گرفتار

76

 

فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور کریک ڈائون جاری، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 29 مجرمان و اشتہاری ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان انسپکٹر عامر وحید نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش پر 7 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 7 عدد پستول و ریوالور برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کئی منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 43 لیٹر شراب اور ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم امجد مسیح کو بھی 20 لیٹر شراب سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ نیز ملزم مولا مسیح کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 18 لیٹر شراب پکڑ لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف پولیس تھانہ سرگودھا روڈ اور پولیس تھانہ پیپلز کالونی فیصل آباد میں مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ گلبرگ فیصل آباد نے بدنام زمانہ منشیات فروش ارشد عرف بلا مسیح کے ڈیرے پر چھاپا مار کر اس کے قبضے سے 650 لیٹر شراب برآمد کرلی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے بارے میں علم ہوا تھا کہ وہ شہر کے پوش علاقوں میں شراب سپلائی کرتا ہے، جس کی نگرانی کے بعد کامیاب ریڈ یقینی بنایا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ ملزم کیخلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس تھانہ غلام محمد آباد فیصل آباد نے ورلڈ کپ کے کرکٹ میچوں پر جوا کھیلنے والے 7 ملزمان اشرف وغیرہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے دائو پر لگی ہوئی 43520 روپے کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او پولیس تھانہ غلام محمد آباد کو اطلاع ملی تھی کہ ملزمان اشرف وغیرہ نے جوئے کا اڈا قائم کر رکھا ہے جہاں وہ ورلڈ کپ کے کرکٹ میچز پر جوا کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کامیاب چھاپا مار کر ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ دریںاثنا ملزمان کیخلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فیصل آباد پولیس نے ماہ جون کے پہلے 20 ایام میں 219 مجرمان و اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے جن کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جارہی ہے۔ سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد پولیس نے ماہ مئی کے دوران 670 مجرمان و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں اے کیٹیگری کے 45 اور بی کیٹیگری کے 525 ملزمان و اشتہاری شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں کل 1783 مجرمان و اشتہاری ملزمان گرفتار کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ اپریل کے دوران اے کیٹیگری کے 140 اور بی کیٹیگری کے 513، ماہ مارچ میں اے کیٹیگری کے 67 اور بی کیٹیگری کے 460 مجرمان و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو مختلف نوعیت کے سنگین مقدمات میں ملوث و مطلوب تھے۔