موجودہ دور میں کتب کا مطالعہ نہ ہونے کے برابر ہے،عنایت امین

94

پشاور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا حلقہ خواتین کی ناظمہ عنایت امین نے کہا ہے کہ کتاب کا مطالعہ ذہن کو وسعت بخشتا ہے، موجودہ دور میں کتب کا مطالعہ نہ ہونے کے برابر ہے، مطالعہ کا شوق بڑھانے اور کتاب سے دوستی کو پروان چڑھانا آج کے دور کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع پشاور کے یونیورسٹی ٹائون میں منعقد ہونے والے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناظمہ صوبہ عنایت امین نے اجتماع ارکان میں اراکین کی رائے کی روشنی میں ضلع پشاور کی نومنتخب ناظمہ یاسمین بانو سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی بلقیس مراد نے نو منتخب ناظمہ کی استقامت کے لیے دعا کروائی۔ عنایت امین نے اپنے خطاب میں مطالعہ کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی سطح پر منائی جانے والی مہم میں ہر سطح کے کارکنان کو شامل کیا جائے اور اس کیلیے پی کے کی سطح پر مضبوط حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تربیت اور مطالعہ ہم سب کی روحانی ضرورت ہے تاکہ ہم دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ اور فکری مضبوطی حاصل کر سکیں۔ عنایت امین نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ افراد کار کی ذہن سازی اور مطالعہ چیک کرنے کیلیے مطالعہ چیک لسٹ کے ذریعے اضلاع کی سطح پر مطالعہ کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جن کتابوں کا دو سال سے مطالعہ نہیں کیا گیا ان کا از سر نو مطالعہ کیا جائے۔اجتماع ارکان کے بعد عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔