اسد عمر اپنی ہی حکومت کے بجٹ پر برس پڑے

111

سابق وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ چینی پر ٹیکس بڑھانا نامناسب ہے، چینی پر ٹیکس میں اضافہ واپس لینا چاہیے اور چینی کی قیمت بڑھانے پر تحقیقات کی جائیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اسد عمر نے آصف زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منہ نہ کھلوائو مجھے پتہ ہے کیا چوری کی ہے، اگر جرم ہوا، کسی نے قوم کی دولت لوٹی تو اس کے لئے سزاکا نظام بنانا آئینی حق ہے ، سزا و جزا کا سلسلہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھی ہے اور اگر پکڑ دھکڑ سیاسی انتقام کے لئے ہورہی ہے تو وہ اچھی نہیں ہے۔

بجٹ پر بات کرتے ہوئے سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ معیشت میں کئی مسائل ہیں جو برسوں سے چلے آرہے ہیں، سلیم مانڈوی والا جب وزارت خزانہ چھوڑ کر گئے توایک سال کا ڈھائی ارب ڈالر خسارہ تھا، (ن) لیگ کی حکومت والے معیشت کی مہلک بیماری چھوڑ کر گئے تھے تاہم ہماری حکومتی کوششوں سے چند ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسار ے میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔

بجٹ تجاویز پر بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، چینی پر ٹیکس بڑھانا نامناسب ہے، چینی پر ٹیکس میں اضافہ واپس لینا چاہیے اور چینی کی قیمت بڑھانے پر تحقیقات کی جائیں، قیمتیں کیوں بڑھی ہیں جب کہ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں پر ٹیکس بھی مناسب نہیں اور چھوٹی گاڑیوں پر ایف ای ڈی بڑھا دی گئی ہے اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے، کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جسے فوری طور پر ختم کیا جائے، جی آئی ڈی سی ختم کرکے یوریا کی بوری پر 400 روپے ختم کرائیں۔