ورلڈ کپ، عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور بنگلا دیش آج آمنے سامنے ہونگے

62

ناٹنگھم (جسار ت نیوز)12ویںآئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج مزید ایک میچ کا فیصلہ ہو گا جس میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ انگلینڈ میں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے، اسی سلسلے میں آج کینگروز اور بنگال ٹائیگرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کی ٹیم کی کارکردگی اب تک قابل ستائش ہے اور کینگروز اب تک 5میچز کھیل چکے ہیں اور4 میچ جیتے جبکہ ایک میچ میں اسکو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اس وقت 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلادیش کی ٹیم5 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر5ویںنمبر پر ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے قائد کا کہنا ہے کہ وہ میگا ایونٹ کا ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے ۔
اور میگا ایونٹ میں اچھی پوزیشن ہونے کے باوجود وہ بنگلادیش کی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے اور پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب بنگلا دیشی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹارگٹ حاصل کرنے کے بعد پرامید ہے کہ وہ کینگروز کے خلاف بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں کامیابی کیلئے سرتوڑ کوشش کرینگے۔ ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔