سوڈان عسکری کونسل خودمختار حکومت کی تشکیل پر آمادہ

62

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں عبوری عسکری کونسل کے نائب سربراہ محمد حمدان دقلو نے کہا ہے کہ کونسل ماہرین پر مشتمل ایک خود مختار حکومت تشکیل دینے پر آمادہ ہے۔ نئی حکومت انتخابات کے انعقاد تک ملک کے انتظامی امور چلائے گی۔ خرطوم میں شہری انتظامیہ کی قیادت کے ساتھ ملاقات میں محمد حمدان کا کہنا تھا کہ نتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ ملک کے بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد حکومت کی تشکیل چاہتے ہیں کیوں کہ ملک اب حل کے لیے مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ حمدان کے مطابق سیکورٹی فورسز اور فوج کا کام ملک کی حفاظت کرنا ہے۔ اس حساس مرحلے میں عسکری کونسل سیاست سے دور ہے اور ہمارا مشن انتخابات کا اجرا ہے۔ دوسری جانب فریڈم اینڈ چینج اتحاد نے سوڈان میں اپنے حامیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رات کے وقت کیے جانے والے نئے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔ اتحادی تنظیم نے رواں ماہ کے آغاز پر دھرنے کو ختم کرانے کے طریقہ کار کی مذمت کی،جو عسکری کونسل کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو جانے کے بعد سامنے آیا۔ مذاکرات عبوری حکومت کے سربراہ فریق کے تعین پر اختلاف کے باعث ناکامی سے دوچار ہوئے۔