چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے‘فرخ حبیب

102

اسلام آباد (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے، ان کو ہٹانے کے لیے جیل سے احکامات آرہے ہیں مگر ان کو منہ کی کھانی پڑے گی، قومی ترقی کونسل سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک وقوم کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔ جبکہ اپوزیشن جماعتیں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، اپنے آپ کو بچانے کے لیے جو این آر او مانگ رہے ہیں جو کہ نہیں ملے گا۔ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) احتجاج کر رہی تھیں،یہ کیسا اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل رکنے والا نہیں، گرفتاریاں مزید ہونے جارہی ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت بڑے آرام سے بجٹ منظور کرائے گی،بجٹ میں نوجوانوں کے لیے 100ارب روپے جبکہ بجلی کی سبسڈی کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔