بجٹ کے حق میں ووٹ دینے والا عوام کی عدالت میں مجرم ہوگا، مریم نواز

98

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو بجٹ کے حق میں ووٹ دے گا عوام کی عدالت میں مجرم ٹھیرے گا، حکومت کتنے بھی لوگوں کو جیل میں ڈال دے، پھر بھی ان نالائقوں سے حکومت نہیں چلے گی، حق کی بات کرنے والوں کو مقدمات، جیل، سیاسی انتقام اور جلا وطنی سے ڈرایا جاتا ہے لیکن مجھے کسی چیز سے نہیں ڈرایا جا سکتا۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت کی بہت امید تھی لیکن لیگی رہنماؤں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکومت کوخواجہ سعد رفیق کی کامیابی ہضم نہیں ہوئی۔ ان کی غلطی یہ ہے کہ انہوں نے نالائق اعظم کے خلاف 2 بار الیکشن جیتا۔ سنتے آئے ہیں کہ قانون اندھا ہوتا ہے مگر نیب کے قانون کی بہت بڑی آنکھیں بھی ہیں، جسے اپوزیشن رہنما پہلے ہی نظر آجاتے ہیں۔ نیب اپوزیشن کونشانہ بنا رہا ہے ،علیمہ خان جرمانہ دے کر اعتراف جرم کر چکی ہیں۔ علیمہ خان کے اعتراف جرم کے باوجود ان پر کیس نہیں بنایا گیا۔