ٹنڈوجام ‘کار رحمان بابا ایکسپریس کی زد میں آگئی‘ 3 افراد جاں بحق

133
ٹنڈو جام: مقامی افراد ٹرین کی ٹکر سے تباہ ہونے والی کار کا ملبہ ٹریک سے ہٹا رہے ہیں
ٹنڈو جام: مقامی افراد ٹرین کی ٹکر سے تباہ ہونے والی کار کا ملبہ ٹریک سے ہٹا رہے ہیں

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) ٹنڈوجام میں کار، رحمان بابا ایکسپریس کی زد میں آگئی‘ جس کے نتیجے میں3 افراد جاںبحق ہوگئے‘ لاشیں سول اسپتال حیدر آباد منتقل کردی گئیں‘ حادثہ ریلوے کراسنگ مرید سپیو پر پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام کے قریب مرید سپیو گوٹھ ریلوے ٹریک پر ایک کار پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی زد میں آگئی جس سے 3 افراد جاں بحق ہوگئیجن کی شناخت سچل خاصخیلی، اسلم چانڈیو اور امیر بخش کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ اس سے قبل ڈاٹسن بھی یہاں ٹرین کی زد میں آ گئی تھی جس کے باعث 12افراد لقمۂ اجل بن گئے تھے‘اس ریلوے کراسنگ پر سال میں 2 سے4 حادثات ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود اس ریلوے کراسنگ پر ابھی تک ریلوے پھاٹک نہیں لگایا گیا ہے‘ علاقے کے لوگوں کے مطابق انہوں نے پھاٹک لگوانے کے لیے مظاہرے بھی کیے اور درخواستیں بھی دیں لیکن ریلوے انتظامیہ انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے وزیریلوے شیخ رشید سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حادثات کا نوٹس لے کر یہاں پر فوری طور پر ریلوے پھاٹک لگائیں اور ملازم مقرر کریں ۔