پی ٹی آئی حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچ جائے گی، فرقان شیخ

51

خیرپور (رپورٹ: سعید شمسی) پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے رکن و انجمن تاجران خیرپور کے سرپرست لالا فرقان شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی حقوق، ملکی تعمیر وترقی اور عوامی مسائل و بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی ہیں کیوں کہ پیپلز پارٹی کے شہید قائدین ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، چیئرپرسن بلاول زرداری اور چیئرمین آصف علی زرداری عوام سے محبت، قومی خوش حالی کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں اور قائدین کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ الشہباز انجمن تاجران یونین لقمان پھاٹک کی جانب سے گیسٹرو سے بچائو کے لیے لگائے گئے طبی و ٹھنڈے پانی کے کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، پی ٹی آئی حکومت اپنی ناکامی اور عوام دشمن بجٹ پیش کرکے قوم اور سیاسی مخالفین سے احتساب کے نام پر انتقامی کارروائی کرکے خود کو ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچ جائے گی اور پی ٹی آئی والے خود اپنے بنے ہوئے جال میں پھنس جائیں گے کیوں کہ پی ٹی آئی حکومت انتقامی سیاست کو فروغ اور سیاسی مخالفین کو کچلنے میں شکست زدہ ہوگی۔ اس موقع پر الشہباز انجمن تاجران یونین کے سرپرست ڈاکٹر پیارو خان پھلپوٹو، چیئرمین گل محمد سھاگ، سیکرٹری آغا شیر عالم خان، صوفی اسحاق، صدر منگی، منظور ٹانوری سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔