شکارپوربچائو تحریک،بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سخت احتجاج

51

شکارپور(نمائندہ جسارت) شکار پور بچاؤ تحریک کی جانب سے لوڈشیڈنگ ، ڈیڈکشن بلوں ، شہریوں کے جعلی مقدمات داخل کروانے کے خلاف سیپکو انتظامیہ شکارپور کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، ایکسیئن کے خلاف شدید نعرے بازی، ہٹانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شکارپور بچاؤ تحریک کی جانب سے لوڈشیڈنگ ، ڈیڈکشن بلوں، شہریوں پر جعلی مقدمات داخل کروانے پر سیپکو انتظامیہ شکارپور کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سیپکو شکارپور کے ایکسیئن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقعے پر شکارپور بچاؤ تحریک کے رہنماؤں میاں ظفر علوی، ظفر علی چنا، عبدالوہا ب کاغذی و دیگر نے کہاکہ سیپکو انتظامیہ شکارپور مکمل طور پر کرپٹ ہوچکی ہے ، ایکسیئن صابر بگٹی لوڈشیڈنگ کرواکر ، اضافی بل اور ڈیڈکشن لگوا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سود خوروں اور سیپکو انتظامیہ والوں میں اب کوئی فرق نہیں رہا۔ انہوں نے کہاکہ شکارپور بچاؤ تحریک کے رہنماؤں پر جعلی مقدمات داخل کروائے گئے ہیں ، جبکہ شہری علاقوں میں 14،14 گھنٹے بجلی بند کرکے شہریوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ اس شدید گرمی میں 14 گھنٹہ لوڈشیڈنگ شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے ، سپیکو انتظامیہ رات کے اندھیر میں گھروں پر چھاپا مارکرعزت نفس مجروح کررہے ہیں ، سیپکو انتظامیہ ہر روز شہریوں کی تذلیل کرنے کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ تازہ سیپکو انتظامیہ نے صابر بگٹی کی قیادت میں 10 لاکھ ماہوار بل ادا کرنے والے کسٹمر دوست محمد چانڈیو کے گھر پر چھاپا مارکر ان پر تشددکرکے 2 لاکھ 75 ہزار نقد رقم بھی لیکر گئے ہیں۔دوسری جانب سیاسی ، سماجی رہنماؤں پر جعلی مقدمات داخل کرواکر ظلم کے پہاڑ گرادیے ہیں ، غریب مسکین شہریوں پر ناجائز ڈیڈکشن لگا کر اپنی نااہلی چھپارہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ رہنماؤں پر داخل جعلی مقدمات ختم کروائے جائیں۔