سکھرسے عازمین حج کی پہلی پرواز 5 جولائی کو روانی ہوگی

106

سکھر( نمائندہ جسارت)بیگم نصرت بھٹو ائر پورٹ سکھرسے عازمین حج کی پہلی پرواز 5 جولائی کو روانی ہوگی۔رواں سال سکھر سے مختلف پروازوںکے ذریعے 1600عازمین حج کی سعادت کے لیے روانہ ہوں گے ۔ حج آپریشن 2019کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن، اے ایس ایف ،اینٹی نارکوٹیکس ،پی آئی اے، میونسپل انتظامیہ،صحت ،پولیس، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر حج نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال سکھر سے 1600 عازمین حج، حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونگے جبکہ پہلی حج پروا ز 5 جولائی 2019کو بیگم نصرت بھٹو ائر پورٹ سکھر سے روانہ ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے کہا کہ حج کمپلیکس سکھر میں عازمین حج کے لیے پینے کے صاف پانی کے ساتھ صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حج کمپلیکس میں صحت و صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور روشنی کے لیے اسٹریٹ لائٹس نصب کی جا ئیں۔جبکہ فائر بریگیڈ بھی 24 گھنٹے موجود رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کا عمل مکمل کیا جائے اور صفائی کا عملہ حج آپریشن مکمل ہو نے تک حج کمپلیکس میں موجود رہے گا ۔ عازمین حج مقررہ روانگی تاریخ سے دو روز قبل رپورٹ کریں گے ۔ علاوہ ازیںتمام ضروری ادویات کی فراہمی اور حج کمپلیکس میںایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حج کمپلیکس سے لیکر ائر پورٹ روڈ تک بھرپورحفاظتی انتظام کیا جائے جبکہ کیمپ میں لیڈیز پولیس بھی مقرر کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمپلیکس میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے لیے سیپکو کو لکھا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شیڈول کے مطابق پہلی پرواز5 جولائی کو عازمین حج کو لے کر براستہ کراچی جدہ روانہ ہوگی ۔