حکومت ملک کو معاشی طورپر مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتی ہے، عمران قریشی

44

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتی ہے اس کے لیے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا کیونکہ آج تک ملک میں ہر چیز ایڈہاک بنیاد پر چلائی جاتی رہی ہے۔ قومی ادارے تباہ وبرباد کردیے گئے ہیں۔ ادارے معاشی طور پر اس حد تک بدحال ہوگئے ہیں کہ اربوں روپے خسارے میں چلائے جارہے ہیں جن کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اب تک پی ٹی آئی کی حکومت پر نہ تو کوئی کرپشن کا الزام ہے اور نہ ہی کوئی اسکینڈل اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے جتنی بڑی تباہی مچائی ہے اس کو بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔ پہلی مرتبہ موجودہ حکومت ٹیکسوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے اور جلد ہی اس میں کامیابی بھی حاصل ہوگی کیونکہ جب تک ٹیکسوں کا نظام بہتر نہیں ہوگا اس وقت تک ملک میں معاشی صورتحال حوصلہ افزا نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتری کے لیے تاریخی اور ٹھوس اقدام کرنا ہوں گے تاکہ ملک کو صحیح سمت میں لایا جاسکے۔ اب تک اقرباء پروری، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے ذریعے ملک کو چلایا جاتا رہا ہے جس سے 98 فیصد غریب عوام براہ راست متاثر ہورہے تھے جب کہ 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ مزے کررہا تھا لیکن اب پی ٹی آئی کی حکومت ان 98 فیصد غریب عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔