نقطہ نظر

115

عورت نے سب کچھ دائو پر لگادیا
جدید تہذیب اپنے عروج پر ہے ہر ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کے درپے ہے، اسی دوڑ میں عورت نے اپنا گھر بار چھوڑ چھاڑ مردوں سے آگے نکل جانے کے لیے اپنا سب کچھ دائو پر لگا دیا، اپنی شرم و حیا عزت آبرو عصمت کو سربازار نیلام کردیا جو عزت عورت کو اسلام کی بدولت ملی تھی اسے خود اپنے ہاتھوں پامال کردیا۔ میڈیا کے ذریعے فحاشی اور عریانیت کو پھیلانے میں عورت کو استعمال کیا گیا، خواتین اپنے گھروں کی طرف توجہ دیں، سیرت نبویؐ کی روشنی میں اپنے گھر اور بچوں کی طرف توجہ دیں اور بچوں کو دین کے مطابق پروان چڑھائیں۔
صدف احسن
آوارہ کتوں کے خلاف مہم چلائی جائے
کراچی کے زیادہ تر علاقوں میں آوارہ کتّوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے بچّے بڑوں سب کو بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صبح گھر سے جانے والے طالب علم یا جو لوگ کام کے لیے گھر سے نکلتے ہیں وہ آتے جاتے آوارہ کتّوں کی دہشت گردی کا شکار ہیں اور کئی افراد ان آوارہ کتّوں کے کاٹنے کی وجہ سے حادثات کا بھی شکار ہوچْکے ہیں۔ تمام اہل کراچی کی حکام بالا سے یہ التجا ہے کہ جلد از جلد کتا مار مہم چلائی جائے۔
سید محمّد باسط
کراچی میں مہنگائی
میں آپ کے موقر جریدے کے ذریعہ ارباب اقتدار کی توجہ کراچی میں بڑھنے والی مہنگائی کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ ماہِ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں نے بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ کیا۔ گاے کا گوشت، دالیں اور سبزیاں جو کہ عام آدمی کی خوراک ہے ان کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ ایک غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو اخراجات کا بوجھ ناقابل برداشت حد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ایک کی کمائی سے گزارا نا ممکن ہوگیا ہے۔ گھر کی خواتین کو بھی معاش کی جنگ نے سڑکوں پر لا کھڑا کیا ہے۔ میری ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ جلد از جلد ان ذخیرہ اندوزوں سے نمٹا جائے اور بڑھنے والی قیمتوں کو لگام ڈالی جائے۔
عمار یاسر