پانی چوروں اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی،2 گرفتار

65

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر واٹربورڈ کے انفورسمنٹ اور واٹرٹرنک مین ڈویژن کی اسکاؤٹ کالونی اور غریب آباد میں پانی چوروں اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف بھرپور کارروائی،2ملزمان گرفتار، پانی چوری میں استعمال کیے جانے والے پمپس،پائپ اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیے گئے ، گرفتار ملزمان کیخلاف پانی چوری کے قانون کے تحت مقدمات درج کرادیے گئے ہیں،علاقہ مکینوں کا اظہارتشکر ،ایم ڈی واٹربورڈ زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ شہر کے بعض علاقوںمیں زیر زمین پانی کے نام پر واٹربورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کرکے فروخت کیا جارہا ہے۔جس پر انہوں نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور چیف سیکورٹی آفیسر تابش رضا حسنین کو پانی چوروںکے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کیں ، واٹربورڈ کی ٹیم نے ایگزیکٹیوانجینئرڈبلیو ٹی ایم آصف قادری ، عمران ،کاشف صدیقی اور دیگر کے ساتھ اسکاؤٹ کالونی اسکیم 33میں قائم ایک غیرقانونی ہائیڈرنٹس پر چھاپا مارا اور زیر زمین پانی کی آڑ میں سرکاری لائن سے پانی چوری کرکے فروخت کرنے والے دو ملزمان عابد علی خان ولد شمس الرحمن اور جوہر شاہ ولد صفدر شاہ کو گرفتار کرکے مبینہ ٹاؤن تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانونی 14Aکے تحت مقدمہ نمبر 215/2019درج کرادیا ہے ،واٹربورڈ کے عملے نے پانی چوری کیلیے استعمال کیا جانے والا پائپ سمرپمپ اور دیگر مشینری بھی قبضے میں لے لی۔ اس ہائیڈرنٹس سے ایک اندازے کے مطابق دیڑھ سے دولاکھ گیلن یومیہ پانی چوری کیا جارہا تھا۔