پانی کی عدم فراہمی کیخلاف جماعت اسلامی ملیر کے تحت مظاہرہ

69

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی علاقہ ملیر کی جانب سے عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی،شہریوں نے پانی کی عدم فراہمی پر وزیر بلدیات اور وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کے علاقے جناح اسکوائر چوک پر پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی علاقہ ملیر کے ناظم کریم بخش نے کہا کہ واٹر بورڈ عوامی صبر کا مزید امتحان نہ لے۔ جس طرح جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور مہم چلائی تھی اس طرح واٹر بورڈ کے خلاف بھی مہم چلائی جائے گی۔ ملیر کے شہریوں کو پانی کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ اس موقع پر شہریوں نے واٹر بورڈ کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔