پی ٹی وی چیئرمین تقر رخلاف قانون ہے ‘فواد چودھری

107

اسلام آباد(صباح نیوز)ارشد خان کی بطور چیئرمین پی ٹی وی تقرری پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے اختلافات سامنے آگئے۔ فواد چودھری نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ تقرر قانون کی خلاف ورزی نظرآتی ہے۔چیئرمین پی ٹی وی کی تقرر کے معاملے پر وفاقی وزیر فواد چودھری کے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ لگتا ہے کہ وزیراعظم کے اختیار کو ایک غیر قانونی تقرر کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ارشد خان کو اس سے قبل بھی پی ٹی وی بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، جسے ہائیکورٹ میں چیلینج کیا گیا تھا۔فواد چودھری نے خط میں کہا کہ ارشد خان کو 17لاکھ سے زاید پیکج پر پی ٹی وی میں ذمے داری دی گئی۔ ہائیکورٹ نے ارشد خان کے تقرر کے خلاف درخواستیں منظور کرلی تھیں۔فواد چودھری نے تجویز دی کہ پی ٹی وی بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے۔ ارشد خان کی تقرری عدالت عظمیٰ کے عطاالحق قاسمی کیس کی بھی خلاف ورزی ہے۔ لگتا ہے چیئرمین پی ٹی وی کا تقرر بہت جلدی میں کیاگیا، قانونی تقاضوں کا خیال نہیں رکھا گیا۔