وزیراعظم قومی اسمبلی کے اجلاس کو روک رہے ہیں، شاہد خاقان

101

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر حکمراںجماعت اسپیکر اسمبلی کی نہیں سنتی تو وہ استعفا دیں اور باعزت طریقے سے گھر چلے جائیں۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر صاحب ایوان سنبھالنے میں ناکام ہوگئے ہیں،جو اسپیکر اپوزیشن کو بولنے نہ دے وہ ایوان کیسے چلائے گا اور آج ان کی اپنی جماعت جس نے انہیں منتخب کیا تھا اسپیکر کے خلاف ہیں اور ان کی سنتے نہیں ہیں،یہ آج کی حقیقت ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو وزیراعظم اور حکمراں جماعت روک رہی ہے اور یہ پاکستان کی بدنصیبی ہے،اس کا مقصد صرف ایک ہے کہ اس عوام دشمن اور آئی ایم ایف کے بجٹ سے توجہ ہٹائی جائے۔