حکومتی لٹیرے دولت کے بل پر عوام کی گردنوں پر سوار ہیں، راشد نسیم

73

راولپنڈی(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ موجودہ حکومت سابق حکومتوں کا ہی تسلسل ہے ،اس حکومت میں بھی وہی لوگ وزیرمشیر ہیں جو مسلم لیگ ، پی پی اور مشرف کی کابینہ میں شامل تھے ، یہ ٹولہ لوٹ مار کر کے آگے آیاہے اور اب اپنی دولت کے بل بوتے پر عوام کی گردنوں پر سوار ہے ، ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے وہی لوگ نکال سکتے ہیں جوذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفاد میں اللہ کی خاطر کام کرنے والے ہوں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری میں ضلع فیصل آباد اور ضلع کہسار کے ارکان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فیصل آباد کے ضلعی امیر عظیم رندھاوا اور راولپنڈی ضلع کہسار کے امیر عتیق عباسی بھی موجود تھے ۔ راشد نسیم نے کہاکہ موجودہ اور سابق حکمران پارٹیاں سیکولرازم اور لادینیت کی پیداوار ہیں اس وقت مسلم دنیا کے حکمران کے اس معیار پر پورا نہیں اترتے جو قرآن و سنت نے ان کے لیے مقرر کیاہے ۔ پاکستان اور عالم اسلام کے مسائل صرف اسلامی نظریاتی جماعت ہی حل کرسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حقیقی اسلامی قیادت بر سر اقتدار ہوتی تو آج امت مسلمہ کو جگہ جگہ ان گمبھیر مسائل کا سامنا نہ ہوتا جو پوری دنیا میں مسلمانوں پر مسلط کر دی گئی ہیں ۔ راشد نسیم نے کہاکہ کشمیر ، فلسطین اور اراکان جیسے مسائل پوری امت کے مسائل ہیں اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کو مل بیٹھ کران مسائل کا حل نکالنا ہوگا ۔