آصف زرداری کے لیے اڈیالہ جیل میں خصوصی کمرہ تیار

73

راولپنڈی(آن لائن) سینٹرل جیل اڈیالہ میں پیپلز پارٹی کے گرفتار قائد و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے لیے خصوصی کمرہ تیار کر لیا گیا ہے۔آصف زرداری نے سابق صدر مملکت جنرل (ر)پرویز مشرف کے دور میں بھی اسی خصوصی کمرے میں طویل قید کاٹی تھی۔ اس میں سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف بھی قید کاٹ چکے ہیں۔ اس کمرے میں ائرکنڈیشنر لگانے کے ساتھ فریج کی بھی سہولت ہوگی اور جیل کی طرف سے ان کے لیے 2 خصوصی خدمت گار بھی مہیا ہوں گے۔ ایک خدمت گار دن کو اور ایک رات کے وقت دستیاب ہوگا۔اس کمرے کی راہداریوں میں کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگا دیے گئے ہیں، بجلی جانے کی صورت میں جنریٹر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ عدالت کی طرف سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے سے قبل دوبارہ ان کا مکمل میڈیکل بورڈ چیک اپ کرایا جائے گا۔ جیل کے اس مخصوص وی وی آئی پی کمرے کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے۔ ان کے کمرے کی طرف جیل کے دیگر قیدیوں کی آمد و رفت مکمل ممنوع ہوگی۔