لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ساہیوال کا ٹرائل لاہور منتقل کرنیکا حکم دیدیا

104

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ساہیوال کا ٹرائل ساہیوال سے لاہور منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے مقتول خلیل کے بھائی کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سانحہ ساہیوال کا ٹرائل ساہیوال میں کیا جارہا ہے جہاں درخواست گزار سمیت کئی افراد کو مشکلات درپیش ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سانحہ ساہیوال سے متعلق کیس کی سماعت لاہور منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالتی کارروائی کے دوران تمام فریقین کے وکلااور سانحہ ساہیوال کے ملزمان نے بھی ٹرائل لاہور منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی جس کے بعد عدالت نے کیس ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے تمام متعلقہ حکام کو سانحہ ساہیوال کیس لاہور منتقل کرنے کا حکم دیا۔