شعیب اختر نے سرفراز کو ریلو کٹا کہہ دیا

120

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور پاکستانی سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ریلو کٹا قرار دے دیا۔

بھارت سے ہار پر شعیب اختر نے تبصرہ کرتے ہوئے سبھی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور ا ن کی غلطیاں گنوائی ہیں۔شعیب اختر کا کہنا ہے کہ گزشتہ میچ میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر آدھا میچ جیت گئے تھے مگر آپ نے کوشش کی کہ ہم یہ میچ نہ جیتیں، بھارت سے بیٹنگ کروا کر ہم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی غلطیاں دہرائی جو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کی تھیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے کہ جسے معلوم ہو کہ ہم رن ریٹ حاصل نہیں کر سکتے، سرفراز کو معلوم ہونا چاہئے تھا کہ ہماری بیٹنگ ہماری طاقت نہیں، ہماری بالنگ لائن بہتر ہے، ہم نے 5 بالرز کو کھلایا جو کچھ خاص پرفارم نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل میں کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی، سب کھلاڑی ایک جیسی بلے بازی کر رہے تھے، کوئی ورائٹی نظر نہیں آئی۔شعیب اختر نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ واہگہ بارڈر پر چھلانگیں لگاتے ہو، گراونڈ میں زور لگاو، آپ کی طاقت اور ہمت کی ضرورت گراونڈ میں ہے، یہ حرکتیں اس وقت اچھی لگتی ہیں جب آپ 6سے 7وکٹیں لیں، آپ نے تو 84رنز دے دیئے۔

راولپنڈی ایکسپریس نے محمد عامر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وکٹس لینے میں بہت دیر کی، وہ اچھے بالر ہیں مگر کی مومنٹس میں انہوں نے وکٹ نہیں لی اور بعد میں ان کے وکٹس لینے سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔