مولانا فضل الرحمن آج شہباز شریف اور بلاول سے ملاقاتیں کریں گے

55

اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے میزبان جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن (آج) اے پی سی کے ایجنڈے پر مشاورت کیلیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول زرداری سے ملاقاتیں کریں گے، آل پارٹیز کانفرنس کے شیڈول پر بھی مشاورت کی جائے گی، رواں ماہ کے اول آخر میں حکومت مخالف تحریک کیلیے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد متوقع ہے، اپوزیشن کی تینوں بڑی جماعتوں کی قیادت کے
درمیان آج تحریک کے اہم معاملات پر مشاورت ہوگی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آل پارٹیز کے انعقاد کے سلسلے میں اپوزیشن کی ٹیم نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔ مولانا فضل الرحمن آج حکومت مخالف تحریک کے ایجنڈے پر بلاول زرداری اور میاں شہباز شریف کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت کے درمیان ملاقاتیں مولانا فضل الرحمن کی اسلام آباد میںاقامت گاہ پر ہوگی، بعدازاں قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوگی۔ آج اے پی سی کے ایجنڈے اور شیڈول کا اعلان کیے جانے کا قوی امکان ہے۔