آلودگی سے بچاؤ کیلیے جنگلا ت کی حفاظت ضروری ہے ،سردار مسعود خان

50

راولاکوٹ (صباح نیوز)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آلودگی سے بچاؤ کیلیے جنگلا ت کی حفاظت ضروری ہے، آزادکشمیر کے لوگ سیاحت کی ترقی سے فوائد اٹھانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر منصوبہ بندی کریں۔ رالاکوٹ ، بنجونسہ اور تولی پیر جیسے سیاحتی مقامات کی ترقی بھرپور توجہ دی جائے گی۔ لیکن مقامی آبادی کا بھی فرض ہے کہ وہ ان علاقوں میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ، جنگلات کی حفاظت کی جائے، علاقے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھا جائے اور قدرتی وسائل کی حفاظت کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس
بنجونسہ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین آزادکشمیر بورڈ آف انوسٹمنٹ نوید صادق، ڈاکٹر اشتیاق کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد کے علاوہ ریٹائرڈ صدر معلم ہائی اسکول بنجونسہ محمد عنائیت خاب کی قیادت میں بنجونسہ کے عوامی وفد ، پروفیسر خالد محمود خان کی قیادت میں بنجونسہ ایک اور وفد اور بھیڑی ہورنہ میرہ سے سردار توصیف عزیز کی قیادت میں عوامی وفد شامل تھے۔ اس موقع پر سردار مسعود خان نے کہا کہ پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے عالمی کامیاب ماڈل کو سامنے رکھ کر ایسی پلاننگ کی جائے جس کے نتیجے میں ایک طرف غیر ملکی اور سمندر پار کشمیریوں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کرنے پر راغب کیا جائے اور دوسری جانب ریاست کے مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر کے سرمایہ کاری کے لیے فضا کو سازگار اور پرکشش بنایا جائے۔