کراچی میں آج پارا41 تک جاسکتا ہے،کے ای کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال

87

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)کراچی میں سمندری ہوائیںبدستور بند ہیں۔ شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔ درجہ حرارت بھی 41 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم اتوارکوبھی گرم ہی رہے گا،سمندری ہوائیں معطل رہیں گی اور پارہ 39 سے 41  ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، لاہور، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان ڈویڑن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، حیدر آباد، میر پور خاص، کراچی ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز، گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب شدید گرمی میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے تجاوز کرگیا،وفاق کی جانب سے اضافی گیس فراہم کرنے کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے، شدید گرمی میں بجلی سے محروم شہریوں کی حالت غیر ہوگئی۔کے الیکٹرک نے صورتحال کی ذمے داری گیس پریشر میں کمی پر ڈالی جسے وفاقی حکومت نے سختی سے مسترد کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ10گھنٹوں سے تجاوز کرگیا ہے۔ لیاری، کورنگی، گلستان جوہر، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیوکراچی،اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، منگھوپیر اور کھارادر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند کر دی جاتی ہے۔کے الیکٹرک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ گیس پریشر میں کمی کے باعث کچھ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہے۔ تاہم دعوے کو وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے مستردکر دیا اورکہا کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کررہا ہے اور گیس پریشر میں کمی کا دعویٰ غلط ہے۔وفاقی وزیرکا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو مزید 150میگا واٹ بجلی دینے کی منظوری دی ہے۔ لیکن کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام ہی موجود نہیں جس کی وجہ سے ابھی تک فراہمی ممکن نہیں ہوسکی۔