حکومت نے مطالبات نہیں مانے ساتھ چھوڑسکتے ہیں،اختر مینگل

122

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہماری شرائط مان لے تو حزب اختلاف میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی قیادت میں وفد نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے لیے اختر مینگل سے ملاقات کی۔ اس دوران پرویز اشرف اور نیئر بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اختر مینگل نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے لیے اپنی شرائط رکھ دیں۔ اختر مینگل نے کہا کہ آپ ہماری شرائط مان لیں تو اپوزیشن میں آنے کو تیار ہیں۔ اختر مینگل نے آئندہ دنوں میں حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں حکومت کے ساتھ نہ رہیں‘ اپوزیشن ہماری شرائط مان لے تو حزب اختلاف میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں‘ ہمارے مطالبات کی حمایت کے لیے معاہدہ کیا جائے‘ حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی‘ لاپتا افراد کی بازیابی کا مطالبہ پورا کیا جائے ‘ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے لیے حکومت قانون سازی کرے۔