شہباز شریف سے مناسب تحقیقات نہیں ہو سکیں ‘ فوادچودھری

91

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو مجرموں کو بچانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے‘ وزیراعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کیا گیا غیر ملکی دورہ کامیاب رہا ہے‘ پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے قدم بڑھایا‘ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مناسب تحقیقات نہیں ہو سکیں‘ وہ تفتیش کے دوران قومی اسمبلی اور اپنے منسٹر کالونی کے گھر میں رہے‘ بڑے بڑے لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے جو اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے وہ اب جیل میں ہیں۔ جمعے کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت پوری دنیا پر واضح کردیا ہے‘ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو مجرموں کو بچانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے‘ ان کو ریمانڈ سے بچنے کے لیے اجلاس بلایا جاتا ہے‘ دبائو ڈال کر پروڈکشن آرڈر جاری کروائے جاتے ہیں‘اب آصف زرداری کا معاملہ بھی اسی طرح ہونے جا رہا ہے۔