حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے، عبدالجبار خان

38

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے فریال تالپور کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نیب کے ذریعے انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ پہلے آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا اب فریال تالپور کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں گرفتار کرکے ان کی کردار کشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر دور میں پیپلز پارٹی کو ہی تختہ مشق بنایا گیا لیکن تمام تر آمرانہ حربوں کے باوجود پیپلز پارٹی آج بھی عوام میں موجود ہے اور اس طرح کے حربے عوام کو پیپلز پارٹی سے دور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ یکطرفہ احتساب کا عمل خود بے نقاب ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی میں موجود نیب زدہ وزراء اور اراکین اسمبلی نیب کے شر سے محفوظ ہیں جبکہ مخالفین کو نیب کے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرکے ان کا ٹرائل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے۔ ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہیں غریب عوام جو پہلے ہی قرض اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے مزید مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اس حکومت نے بجٹ میں بھی عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں رکھا اور پورے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت 9 ماہ میں ہی ناکام ہوچکی ہے، وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ استعفا دے کر گھر جائیں۔