ایکسپو سینٹر کی بحالی کمشنر حیدرآباد کا احسن اقدام ہے،فاروق شیخانی

55

حیدرآباد(اسٹا ف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے ایکسپو سینٹر کو فعال کرنے اور وہاں مینگو فیسٹیول 2019ء کے انعقاد کو سراہا ہے اور اِس سلسلے میں تاجربرادری کی سفارشات کو شرفِ قبولیت پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر کی بحالی اور نمائشوں کے انعقاد سے حیدرآباد اور اِس کے ارد گرد کے اضلاع میں صنعت و تجارت کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا اور ملکی سطح پر حیدرآباد میں بننے والی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی تمام تاجر برادری ایکسپوسینٹر کو فعال کرنے کی جدوجہد میں مکمل طور پر کمشنر صاحب کے ساتھ تعاون کرے گی۔ حیدرآباد چیمبر کی جانب سے موجودہ کمشنر حیدرآباد کی توجہ خطوط کے ذریعے ایکسپو سینٹر کی محذوش صورتحال کی طرف دلائی گئی۔ انہوں نے اِس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اسے دوبارہ بحال کرنے کا حکم دے کر حیدرآباد کی صنعت و تجارت سے وابستہ لوگوں کے دل جیت لیے ہیں اور امید ہے کہ ایکسپو سینٹر ماضی کی طرح آب و تاب سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے گا جو صنعت و تجارت کے لیے سود مند ثابت ہوگا۔
فاروق شیخانی