نیپرا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کرے،حافظ نعیم

43

کراچی(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر نیپرا سے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل شدید گرمی اورہیٹ ویوز کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ میں کمی نہ کر کے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ کے الیکٹرک نے ہٹ دھرمی اور بے حسی کی تمام حدیں عبور کرلی ہیں،سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا اُٹھے ہیں،گھروں میں خواتین،بچے اور بزرگ شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں،کے الیکٹرک اپنی روایتی نااہلی وناقص کارکردگی کے باعث شہریوں کو ریلیف دینے میں
بدستور ناکام ہے،متوقع ہیٹ ویوز کے حوالے سے کے الیکٹرک نے کوئی اقدامات نہیں کیے جس کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، بجلی کی بندش سے شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر تا جا رہاہے۔ صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے اور ٹینکر مافیا سر گرم ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا مسئلہ اور سنگین ہو گیا ہے۔سخت گرمی میں شہریوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی انسانی ضرورت تک میسر نہیں ہے اور پریشان حال عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں اور اگر حکومت،کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے صورتحال کی بہتری کے لیے فوری طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اور ٹھوس اقدامات نہ کیے اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہو سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی تمام ترذمے داری سندھ حکومت پر عاید ہو گی۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک نے اپنے صارفین سے اربوں روپوں کی لوٹ مار کی ہے جس کا کوئی پوچھنے اورحساب کرنے والا نہیں ہے ۔کے الیکٹرک ہر سال اربوں روپے منافع کمارہی ہے مگر صارفین کو کیاسہولیات میسر آرہی ہیں اس کا کوئی جائزہ نہیں لیتا،کے الیکٹرک 800میگا واٹ بجلی وفاق سے بھی لے رہی ہے جبکہ معاہدے کے مطابق کے الیکٹرک نے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا جوکہ نہیں کیا گیا۔کے الیکٹرک نے اووربلنگ، کلا بیک، میٹر رینٹ،ڈبل بنک چارجز اور مختلف مدات میں اربوں روپے ناجائز طور پر وصول کیے ہیں۔نیپرا کراچی میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر نوٹس لے کر کے الیکڑک کیخلاف قانونی کارروائی کرے۔
حافظ نعیم