عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ہونا چاہیے، جاوید ہاشمی

37

ملتان (صباح نیوز) سینیئر سیاستدان مخدم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ایسا عجیب و غریب وزیراعظم کسی ملک کی قسمت میں نہیں آیا ہوگا، عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ہونا چاہیے، عمران خان کو ملک چلانے کا نہیں، کھیل کا تجربہ ہے، حکومت کو تقریباً ایک سال ہوچکا ہے مگر کسی کو ریلیف نہیں ملا، اگر ریلیف ملا ہے تو جہانگیر ترین، علیمہ بی بی اور فیصل واوڈا کو ملا ہے۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ اپنی نااہلی چھپانے کیلیے لیڈر آف دی ہائوس ٹی وی پر آکر روتا ہے کہ مجھے اسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دیتے۔ عمران خان نے شوکت خانم کا پیسہ بنی گالہ اور علیمہ بی بی کے گھر پر لگایا۔ ایک صوبے کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ عمران خان کا گھر اڈیالہ جیل بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قیادت میں ملک چلتا رہا تو بہت مشکلات ہوجائیں گی۔ عمران خان کو لانے والوں کو اب بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ان ہائوس تبدیلیوں کے امکانات واضح ہوگئے ہیں۔ نیب خود سب سے بڑا چور ہے، اس کا کام وفا داریاں تبدیل کرنا ہے۔ عمران خان نے کل کنٹینر پر ہی آنا ہے، ممکن ہے وہ بیوی بچوں کے ساتھ لندن ہی نہ چلے جائیں۔
جاوید ہاشمی