حکومت 2 برس رہ گئی تو قرضے مزید10 ہزار ارب بڑھ جائیں گے،شاہد خاقان

39

لاہور(نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت 2برس رہ گئی تو قرضے مزید10ہزار ارب بڑھ جائیںگے، حکومت جو قرض لیتی ہے اس کا تمام ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ عمران خان صاحب کمیشن بنانے کا شوق پورا کرلیں، گرفتاریوں کیلیے تیار ہیں، مشرف دور میں بھی جمہوریت کیلیے قربانیاں دیں اور آگے بھی دیں گے ، وزیر اعظم کی ذہنی کیفیت کی تفتیش کیلیے کمیشن بنایا جائے، وزیراعظم میں ہمت ہے تو اسمبلی میں تقریر کریں وزیراعظم کی تقریر دھمکیوں کے علاوہ کچھ نہیں تھی اگر حکومت نے 2 سال مکمل کیے تو کم از کم 10 ہزار ارب کے قرضوں کا اضافہ ہوگا، مسلم لیگ(ن) نے نیلم جہلم منصوبے پر 500ارب روپے خرچ کیے، پورے ملک میں بجلی کا جال بچھایا اور قرضوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جب کہ10ہزار ارب کے قرضوں سے تمام ترقیاتی کام ہوئے، (ن)لیگ نے 9 ہزار ارب صوبوں کو دیا جب کہ 5ہزار ارب سود کی ادائیگی پر دیا ، عمران خان فائلیں پڑھ لیتے تو رات 12بجے تقریر نہ کرنا پڑتی۔لاہور میں لیگی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا وزیر اعظم کی ذہنی کیفیت کی تفتیش کیلیے کمیشن بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صرف سیاست دانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، ایک ہائی پاور کمیشن وزیراعظم کی ذہنی کیفیت کی تفتیش کرے، نیب کے ذریعے صرف ایک کام لیا جارہاہے جو بولے اس کو دبا دو، قتل کا ریمانڈ بھی 14 دن ہوتا ہے لیکن یہاں2سے 3ہفتوں کے ریمانڈ لیے جا رہے ہیں، جہاں انصاف نہ ملتا ہو وہاں جمہوریت نہیں چلتی، نیب ریمانڈ کے قانون کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جس ملک میں سیاستدان کی ہتک ہو وہ ترقی نہیں کرتے، آج جمہوریت خطرے میں ہے، ہمارے پاس بھی فلمیں آئیں ہیں لیکن ہم نے کہا ہم یہ کام نہیں کرتے، چیئرمین نیب نے کہا وزرا کے خلاف کارروائی کی توحکومت گر جائے گی، کیا اسمبلی کو حق نہیں کہ چیئرمین نیب کو بلا کر وڈیو کے بارے پوچھے۔شاہد خاقان نے کہا کہ جو حکومت پارلیمان سے راہ فرار اختیار کرے اس کے مقاصد کیا ہیں، موجودہ حکومت کی ناکامیوں کا پچھلی حکومت سے کوئی تعلق نہیں، یہ کنٹینر پر کہتے ہیں اتنی منی لانڈرنگ ہوتی ہے تاہم اب حکومت مسائل حل نہ کر سکے تو الیکشن میں جانا پڑے گا۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دھمکی دی احتساب کروں گا، ہائی پاور کمیشن بنانا حکومت کی مرضی ہے، کمیشن کے سامنے جانے کے لیے تیار ہوں اور حقائق سامنے رکھوں گا تاہم موجودہ حکومت ہمارے منصوبے ہی مکمل کرے گی، 50 ہزار گھروں کے لیے حکومت کے پاس پیسے نہیں، ایک کروڑ نوکریوں کے بجائے 30ہزار نوکریاں جانے کا خدشہ ہے، وزرا کے مطابق ملکی مسائل کا حل 5ہزار لوگوں کو قتل کرنا ہے۔رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا نیب نے گرفتار کیا تو اعزاز سمجھوں گا، عمران خان کی جیلوں سے میں نہیں گھبراتا، وزیراعظم نے تقریر کرنا تھی تو دن کی روشنی میں کرتے، وزیراعظم نیب کا گوشوارہ بھریں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا،10 مہینوں میں عمران خان نے ایک بھی دھاندلی یا کرپشن کا ثبوت نہیں دیا، عمران خان کسی بھی وزارت میں کرپشن کی ایک مثال بتا دیں، عمران خان نوازشریف کی حکومت میں کرپشن عوام کے سامنے رکھیں۔
شاہد خاقان