سجاول، سوئی گیس پریشر کی کمی سے صارفین کو شدید پریشانی

32

سجاول (نمائندہ جسارت) شہر اور ضلع کے دیگر علاقوں میں سوئی گیس پریشر کی کمی سے صورتحال سنگین ہوگئی، کھانے پینے کے اوقات میں پریشر انتہائی کم ہونے سے صارفین کھانا پکانے سے محروم ہیں اور انتہائی مجبوری میں ہنگامی طور پر بازاروں سے ہوٹلوں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں، ضلع کے دیگر شہروں دڑو، بٹھورو، جاتی، چوہڑ جمالی سمیت دیگر دیہات کے صارفین کو گزشتہ دو روز سے انتہائی پریشانی کا سامنا ہے اور اچانک گیس بندش سے متبادل انتظام کرنے سے بھی قاصر رہ جاتے ہیں۔ اس ضمن میں مقامی گیس اسٹیشن عملے کا کہنا ہے کہ اوپر سے گیس پریشر کم ہونے کی وجہ سے ضلع بھر میں شکایات پیدا ہورہی ہیں۔ تاہم دیگر ذرائع کا کہناہے کہ سجاول ضلع کو گیس کی فراہمی ٹھٹھہ سے ہوتی ہے، جہاں پر مکلی اور ٹھٹھہ کو بہتر پریشر دینے کے لیے مصنوعی طور پر سجاول کا گیس پریشر مزید کم کردیا جاتا ہے، جس سے پورے ضلع سجاول کے صارفین متاثر ہیں۔ مقامی صارفین نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سجاول ضلع کے صارفین کو گیس کو مصنوعی قلت کا نوٹس لے کر سجاول ضلع بھر میں گیس پریشر کو بہتر کیا جائے اور بدعنوانی کرنے والے عملے کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے