آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف جھڈو میں شٹر بند ہڑتال

29

جھڈو (نمائندہ جسارت) سابق صدر آصف علی زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کے ہاتھوں گرفتاری کیخلاف پیپلز پارٹی کی اپیل پر جھڈو میں شٹر ڈاون ہڑتال رہی، شہر کے چھوٹے بڑے تجارتی و کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پیپلز پارٹی کارکنوں نے پارٹی آفس سے ٹاون کمیٹی آفس تک مقامی صدر میر عرفان تالپور کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے آصف علی زرداری کی حمایت اور نیب وحکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع میرپور خاص کے جنرل سیکرٹری امیر حسن، میر عرفان تالپور، محبوب لغاری، محمد اسلم خان، علی ناگوری، امداد شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کے خاتمے کا نقطہ آغاز قرار دیا۔ آصف زرداری پر کرپشن کے الزامات عائد کرکے حکومت اپنی مسلسل ناکامیوں کو چھپا نہیں سکتی۔ پی پی کی قیادت کیخلاف سازشیں نئی نہیں ہیں۔ آصف علی زرداری کی گرفتاری بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ پی پی عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔ آصف علی زرداری کی رہائی تک ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔