سندھ نے13 کھرب روپے کا اخراجات کا میزانیہ تیار کر لیا

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے نئے مالی سال 20-2019 کے لیے 13 کھرب روپے کے لگ بھگ بجٹ اخراجات کا میزانیہ تیار کر لیا۔ بجٹ 60 ارب روپے خسارے پر مشتمل ہوگا۔ سندھ کابینہ 14 جون کو بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دے گی۔سندھ کابینہ 14 جون کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت اجلاس میں بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دے گی۔13کھرب روپے سے زائد کے سندھ بجٹ میں تقریباً 60 ارب روپے کا خسارہ ہوگا تاہم خسارے کے باوجودبجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس لگانے کی تجویز شامل نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 2 کھرب 60 ارب روپے سے 2 کھرب 90 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 35 ارب روپے جبکہ 50 ارب روپے حکومت کی نئی سکیموں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔امن وامان کے لیے 105 ارب روپے، بلدیاتی حکومتوں کے لیے 72 ارب روپے، کراچی میں شاہراہوں، پلوں، فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے 20 سے 30ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ آبپاشی کیلئے 30 ارب، زراعت کیلئے 7، ارب، محکمہ اوقاف کیلئے 42 کروڑ 50 لاکھ روپے، لا اینڈ پارلیمانی امور کیلئے سوا 2 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔