اندرون سندھ،سمندری طوفان سے نمٹنے کیلیے ہنگامی اقدامات ،رضاکار الرٹ

41

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سمندری طوفان ’وایو ‘ نے سندھ کی ساحلی پٹی کا رخ کرلیا ہے، ممکنہ طوفان اور بارش کے پیش نظر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے رضاکاروں کو کسی بھی صورتحال میں ہنگامی اقدامات کی تیاری کی ہدایت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی پر ممکنہ طوفان اور بارش کی پیش گوئی کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں ، اس سلسلے میں الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اجلاس ہو ا ،جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے الخدمت اور جماعت اسلامی کے ذمے داروں اوررضاکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں نائب امرا سید دائود شاہ گیلانی،اللہ بچایوہالیپوٹہ،عبدالکریم بلیدی،محمدموسیٰ ملاح،سیکرٹری علی مردان،عظیم ہارون،حنیف ملاح ،عبدالشکور،الخدمت فائوندیشن ضلع بدین کے نائب صدر ابوعابد منصوری، وحید آرائیںاور این ڈی بلوچ سمیت الخدمت فائوندیشن کے رضاکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بدین ضلع کے مختلف شہرمتاثر ہونے کا خدشہ ہے اس لیے ساحلی پٹی پر موجودہ ماہی گیروں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے رضاکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا متاثرین کے لیے خیمہ بستی قائم کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور مقامی اہل خیر حضرات سے رابطہ کیا جائے گا۔
الخدمت بدین