کمشنر ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہوگا

27

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہوگا۔ گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے’’تیسرا کمشنر ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ‘‘ کا آغاز آج ساڑھے8 بجے شپ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کراچی پر ٹورنامنٹ کا افتتاح ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ شرجیل کریم کھرل کریںگے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ عثمان باسکٹ بال کلب اور پیٹریشین اسٹار باسکٹ بال کلب کے مابین کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں کراچی کی معروف13 باسکٹ بال ٹیمیں مد مقابل ہوںگی جبکہ بائونس باسکٹ بال کلب دفاعی چمپئن کے حیثیت سے شرکت کرے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 24 جون کو کھیلاجائیگا جس کے مہمان خصوصی کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی ہوں گے۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کے انتظامات کے حوالے سے گزشتہ شب ڈی ایم سی ساؤتھ کے میونسپل کمشنر برکت اللہ میمن نے ڈی ایم سی ساؤتھ کے متعلقہ افسران کے ہمراہ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کا دورہ کیا اور کمشنر کراچی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے انتطامات کا معائنہ کیا اورڈی ایم سی ساؤتھ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔