احتساب لازمی ہے، احسن اقبال کے گھبرانے کا وقت آگیا، مراد سعید

83

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا لازمی ہے، احسن اقبال سے 5 سوال کیے تھے کسی سوال کا جواب نہیں آیا۔ اب احسن اقبال کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ ہم نے اب تک این ایچ اے کے 430 کروڑ روپے ریکور کیے۔ انہوں نے کہا کہ نہ کبھی احسن اقبال سے سوالات کے جوابات آئے اور نہ آئیں گے۔ ہم ان سے 24 ہزار ارب روپے کا جب پوچھتے ہیں تو جواب نہیں آتا۔ مراد سعید نے الزام عاید کیا کہ احسن اقبال دوسری وزارتوں کے کام میں مداخلت کرتے رہے ہیں، ہم سارے ثبوت نیب کو دے چکے ہیں، ہم ایک ہفتے کے اندر کمیشن میں ڈیٹا فراہم کردیں گے۔ جاوید صادق ان کا ساتھی ہے اور اس کے تمام ثبوت موجود ہیں۔ احسن اقبال پلاننگ کے منسٹر ہیں اور دستخط مواصلات پر کر رہے ہیں۔