وزیراعلیٰ پنجاب سے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کی ملاقات

31

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کی ملاقات،عثمان بزدار نے لواحقین کوایک،ایک کروڑ روپے کے چیک دیے ،گھر ، پلاٹ و دیگر مراعات کا وعدہ۔ وزیراعلیٰ کاپارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب ۔ صدر مملکت اور ترجمان دفترخارجہ سے تعزیت۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید کانسٹیبل شاہد نذیر، ہیڈکانسٹیبل محمد سہیل، کانسٹیبل محمد صدام حسین اور کانسٹیبل محمد سلیم کے والدین، بیوائوںنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے ورثا کو ایک ایک کروڑ روپے کے چیک دیے اور وعدہ کیا کہ شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کوشہداء پیکیج کے تحت گھر اور پلاٹ دیے جائیں گے،ریٹائرمنٹ کی مدت تک پوری تنخواہ ملے گی،شہید اہلکار کی بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی۔ اہل خانہ ریٹائرمنٹ تک سرکاری گھر میں رہ سکیں گے ،بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے یکساں ترقی پروگرام کے تحت ایک بڑی رقم بھی مختص کی جا رہی ہے، بجٹ کی تیاری میں منتخب نمائندوں کی آرا کو اہمیت دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہاکہ غیرترقیاتی اخراجات کو کم کیا جا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے والد اورصدر پاکستان عارف علوی کے بہنوئی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔