ـ16جون کو عوامی مارچ بجٹ کیخلاف ریفرنڈم ہوگا، جماعت اسلامی

36

لاہور(نمائندہ جسارت) جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر زبیراحمد گوندل نے کہا ہے کہ 16 جون بروز اتوار صبح 10 بجے مال روڑ لاہور پر اہل لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جمع ہوکر عوام دشمن بجٹ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت سے تنگ عوام حکومت مخالف تحریک میں صرف جماعت اسلامی کے ساتھ ہے۔ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے پاک ہے اور بلاتفریق احتساب کی حقیقی خواہشمند ہے۔ پاکستان میں سب سے پہلے کرپشن کے خلاف مؤثر آواز جماعت اسلامی نے ہی بلند کی۔ اس جدوجہد میں ہمارا کوئی ثانی نہیں ہے۔ کرپشن کے خلاف سب سے پہلے جماعت اسلامی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ عمران حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ جماعت اسلامی عوامی طاقت کے ساتھ انہیں ظلم و ناانصافی کا بازار گرم کرنے نہیں دے گی۔ آئی ایم ایف کی غلامی سے ملک مزید تباہی کا شکار ہوگا حکمرانوں کو ملک و قوم کو اس کی غلامی میں دینے سے باز رہنا چاہیے۔ جے آئی یوتھ کے جوان عوامی مارچ میں ہراول دستے کا کرداراداکریں گے۔ عوام کا جم غفیر عمران حکومت کی نیندیں اڑادے گا۔ واضح ہوگیا ہے کہ عمران خان کے پاس پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے کوئی حل نہیں ہے۔ حل صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت ہے جو ان مسائل سے قوم کو چھٹکارا دلا سکتی ہے۔