اورنج لائن ٹرین کے ٹھیکیدداروں کی بینک گارنٹی واپس کی جائے،عدالت عظمیٰ

33

اسلام آباد (آن لائن) اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق کیس میں عدالت عظمیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کی بینک گارنٹی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کا سول ورک مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی کام بھی تقریباً مکمل ہو گیا ہے۔ دوران سماعت نجی تعمیراتی کمپنی کے وکیل نعیم بخاری نے بتایا کہ 20 مئی کو عدالتی حکم کی مطابق سول ورک مکمل کیا۔لیکن کمپنی کے ساتھ کچھ زیادتیاں ہوئیں، کمپنی کو پیسے کم دیے گئے ،اب بینک گارنٹی بھی واپس کی جائے۔ عدالت نے کمپنی کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایک کروڑ روپے کی بینک گارنٹی ہر ٹھیکیدار کو واپس کر دی جائے۔ عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی کہ جب تک نیا ایم ٹی مقرر نہیں کیا جاتا موجودہ ایم ڈی فضل حلیم کام جاری رکھیں گے۔مقدمے کی مزید سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔